(ویب ڈیسک ) اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت 20 وکلاء کیخلاف دہشتگردی اور سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ میں ایم این اے لطیف کھوسہ، سینٹر شبلی فراز، سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ ، مصطفین کاظمی، نیاز اللہ نیازی، اعظم سواتی، نسیم حیدر پنجوتھہ، انصر ایڈووکیٹ، بیرسٹر گوہر اور عبداللہ وزیر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے سرکاری ادارے کے سربراہ کا پتلا جلایا۔ پولیس افسران اور اہلکاروں سے مزاحمت کی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، ہم فیصلہ نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی ان کو کام کرنے دیں گے۔ ٹائر جلا کر راستے بھی بند کر دئیے گئے۔
ایف آئی آر میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے جھنڈے اٹھانے والے 100 سے زائد نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔
مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ وکیل مصطفین کاظمی کو مقدمہ میں نامزد ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔