اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی مسلسل کام کر رہی ہے اور جن علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا ہے وہاں پر سمارٹ لاک ڈاؤن سے صورتحال بہتر ہو جاتی ہے، اس طرح مجموعی طور پر کورونا کیسز میں کمی کا رجحان ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں عالمی وبا کے کیسز بڑھنے کی شرح میں مزید کمی آئی اور یہ شرح سات فیصد سے کم ہو گئی جبکہ کورونا سے مزید 89 افراد انتقال کرگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 61ہزار 651افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے افسوسناک طور پر 4ہزار 103مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی، کورونا کیسز کے بڑھنے کی شرح مزید کم ہو کر 6.65فی صد پر آ گئی ۔ پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں جاری رہیں مگر سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کام کر رہی ہے ،اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 978 ہو گئی،ملک بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت 92 ہزار 941 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے افسوسناک طور پر 4 ہزار 717 کی حالت تشویشناک ہے۔