ویب ڈیسک:سردی کی شدت میں اضافہ آتے ہیں تعلیمی اداروں نے چھٹیوں کا اعلان کردیا، پنجاب اور وفاق کے بعد صوبہ بلوچستان میں بھی سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا، زیادہ سردی والے علاقوں میں تقریباً اڑھائی ماہ اور کم سردی والے علاقوں میں 10 روز کی تعطیلات ہوں گی۔
بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ،محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق بلوچستان کے سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں 16 دسمبر سے لیکر 28 فروری تک چھٹیاں ہوں گی جبکہ بلوچستان کے گرم علاقوں کے اسکولوں کو یکم جنوری سے 10 جنوری تک بند رکھا جائے گا ۔
سرد علاقوں کے تعلیمی ادارے تعطیلات کے بعد یکم مارچ 2025 کو کھولے جائیں گے،محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے بلوچستان کے سرد علاقوں میں طویل اور گرم علاقوں میں مختصر تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان پہلے ہوچکا ہے، سردیوں کی چھٹیوں کا آغاز20 دسمبر سے ہوگا، تعلیمی اداروں میں طلبہ کو 20 روزکی چھٹیاں ہوں گی، سردیوں کی تعطیلات 10جنوری تک جاری رہیں گی۔