سری نگر ( ویب ڈیسک ) سنیئر حریت رہنما سید علی گیلانی مرحوم کی آخری وصیت اس وقت پوری امت مسلمہ میں گردش کر رہی ہے، بھارتی فوج نے مرحوم کی آخری وصیت پر عمل نہ کرتے ہوئے انہیں منہ اندھیرے، چپ چاپ اپنی مرضی کی جگہ پر دفنا دیا جس سے ان کی وصیت کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور اسے انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی بھی قرار دیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی بزرگی کے باوجود کئی سالوں سے اپنے گھر پر نظر بند تھے، ان کے بنیادی انسانی حقوق بھارتی فوج کی طرف سے سلب کئے جا چکے تھے، مگر ان کی وفات پر ان کی آخری وصیت پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ سید علی گیلانی کی وصیت تھی کہ انہیں مزار شہدا کے قبرستان میں دفن کیا جائے مگر بھارتی فوج نے ایسا نہیں ہونا دیا اور ان کی وفات کے ساتھ ہی رات گئے حیدر پورہ کے قبرستان میں ان کی قبر کھود لی۔ ابھی حریت رہنما کسی بھی لائحہ عمل اور منصوبہ بندی کا فیصلہ کر رہے تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ سید علی گیلانی کی وصیت کے برعکس انہیں بھارتی فوج نے حیدر پورہ کے قبرستان میں دفن کر دیا ہے۔ وفات پانے والے کی وصیت پر عمل نہ کرنا پوری دنیا میں انتہائی غیر اخلاقی فعل سمجھا جاتا ہے اور بھارتی فوج نے اس معاملے میں اخلاقیات کی تمام قدروں کو فوجی بوٹوں تلے روند ڈالا ہے۔