ممبئی ( ویب ڈیسک ) بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے سپر سٹار اور ریالٹی شو بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے، سدھارتھ شکلا اپنے فلیٹ پر پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے، ان کی اچانک وفات نے پوری بھارتی فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے سپر سٹار، بالکا ودھو جیسے مشہور ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور بھارتی کے چوٹی کے ریالٹی شو بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا پراسرارطور پر اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے ہیں جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق ان کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک کو قرار دیا جا رہا ہے، ان کو فوری طور پر جوہو کے نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ سدھارتھ شکلا اپنے خاندان سے الگ فلیٹ میں رہتے تھے، وہ بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے جانے مانے اداکار تھے مگر ان کی شہرت کو چار چاند اس وقت لگے جب وہ بگ باس 13 میں شریک ہوئے اور انہوں نے اپنے دبنگ انداز سے ٹی وی شائقین کے دل جیت لئے اور اس شو کے فاتح قرار پائے، سدھارتھ شکلا کی عمر صرف چالیس برس تھی اور ان کی اچانک موت پر بہت حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔