لاہور(پبلک نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء خورد ونوش کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبے بھر میں رمضان بازاروں کے قیام کے امور اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں اور گراںفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا اجلاس میں کہنا تھا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے انتظامی افسران متحرک ہو کر کام کریں، صوبے بھر میں چینی، گھی، آٹااور دیگر اشیاء ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے، اشیاء خورد ونوش کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ماہ صیام میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے 7ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں 25 شعبان سے 313 رمضان بازار لگ جائیں گے۔ رمضان بازاروں میں پھل، سبزیاں، دال چنا، بیسن، کھجور اور دیگر اشیاء ضروریہ 2018کےنرخوں پر ملیں گی۔ رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کاتھیلہ375روپے میں ملی گا۔ گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ سے 10سے15روپے کم قیمت پر ملینگے۔
اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشیاء کے معیار، رسداورقیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صنعت و تجارت ،ڈی جی انڈسٹریز ،کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبے بھر کے ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔