ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آؤٹ سورس کرنے کے لئے مجوزہ معاہدے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، آئرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کی منظوری دے دی جبکہ فنانشل شیئر اور سبسڈی لینے والی واسا کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیوں کو بھی صاف ستھرا رکھا جائے، صفائی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔