ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف دورہ چین کے پہلے روز انتہائی مصروف دن گزاریں گی۔ مریم نواز چین میں بھی ٹریکٹر پر سوار ہوگئیں۔ روبوٹک ٹیکنالوجی سے مزین جدید ترین زرعی آلات کا معائنہ کیا اور چینی کمپنی کو پنجاب میں انڈسٹری قائم کرنے کی دعوت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کاشتکاروں اور زراعت کے فروغ کے لئے تاریخی اقدام اٹھالیا۔ مریم نواز شریف کی کاوش رنگ لے آئی۔ چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی۔
محمکمہ زراعت حکومت پنجاب اور اے آئی فورس ٹیک کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی اس موقع پر موجودتھیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں جدید روبوٹک زرعی مشینری مینوفیکچرنگ کیلئے تعاون کی یقین دہائی کروادی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی اے آئی فور س ٹیک کے بانی ڈاکٹرہان اور سی ای او سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں جدید زرعی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے روبوٹک ٹیکنالوجی سے مزین جدید ترین زرعی آلات کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں ایگریکلچر سیکٹر میں روبوٹک مشینری اور ٹولز متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زراعت کی جدید ٹیکنالوجی اپنا کر کاشتکار کو خوشحال بنانا ہمارا عزم ہے۔ اے آئی فورس ٹیک پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر رضامند ہوگئی۔
وزیر اعلیٰ کی دعوت پر اے آئی فور س ٹیک کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بلیو ٹیک کلین ائیر الائنس کا دورہ کیا۔ جہاں ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ژونگ گی یون کن بلیو ٹیک کلین ایئرالائنس کے چیئرمین مسٹر زی ہونگ شنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فضائی آلودگی کے سدباب کے جدید ترین طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی وفد کو پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی کے سدباب پر حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد نے موسمیاتی اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔
محکمہ ماحولیات حکومت پنجاب اور بلیو ٹیک کلین ایئر الائنس کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ بلیو ٹیک کلین ایئر الائنس پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے لئے اشتراک کار بنے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی آمد:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی کے صدر ڈاکٹر لیو فولیانگ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی موجودگی میں ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی سے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کو ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام کینسرکے علاج کے لئے درکار مشینری کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کینسر کے علاج کے لئے چین میں رائج طریق کار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے پبلک سیکٹر نواز شریف ہسپتال کے پراجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کا چینی ماہرین کی معاونت سے نواز شریف کینسر ہسپتال میں جدید آلات اور طریقہ علاج کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
”ہائی جیا“میڈیکل ٹیکنالوجی کے حکام نے نواز شریف کینسر ہسپتال کے لئے پروفیشنل معاونت کی یقین دہانی کروادی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں ہیلتھ سسٹم کو ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور آپریشنز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ پنجاب اور چینی اداروں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیلتھ سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیشنٹ فرینڈلی اور موثر بنانا چاہتے ہیں۔
شی جی تان ہسپتال کا دورہ:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے شی جی تان ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سیکرٹری مسٹر ژودیاژن نے تفصیلی بریفنگ دی۔ جدید طریقہ علاج،تحقیق اور پیشنٹ کیئر سسٹم کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
ڈاکٹر لیوفورلیانگ نے میڈیکل ٹیکنالوجی کے جدید ترین رجحانات اور ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بیجنگ میڈیکل انشورنس بجٹ مینجمنٹ،میڈیکل انشورنس گلوبل انڈیکس کنٹرول سسٹم پر بریف کیاگیا۔ایمپلائی میڈیکل انشورنس اور ریزیڈنٹ میڈیکل انشورنس کے سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے شی جی تان ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور چین کے جدید ترین ہیلتھ سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو ٹیکنالوجی بیسڈ ہیلتھ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف سے بات چیت کی اور چینی ہیلتھ سسٹم میں اظہار دلچسپی کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سی جی تان ہسپتال کے درمیان تعاون اور شراکت داری کا خیرمقدم کریں گے۔ سی جی تان ہسپتال کے ساتھ پنجاب کے ہسپتالوں کے ٹیلی میڈیسن لنک قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیجنگ میں میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا۔ بیجنگ ٹرانسپورٹ کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شانگ وانگ یو نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیجنگ ٹرانسپورٹ سسٹم کے سٹیٹ آف آرٹ مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ ملاقات میں بیجنگ میونسپل ٹرانسپورٹ سسٹم کے طرز پر سمارٹ ٹرانسپورٹیشن پلاننگ کے تحت الیکٹرک وہیکل کے انفراسٹرکچرکے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پنجاب کے شہروں میں ماحول دوست پائیدار ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے لئے چین کے تعاون سے موثر نظام بنانے پر گفتگو کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹیکنالوجی کے اختراعی استعمال سے بیجنگ کے گرین اورسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو سراہا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں میٹرو ٹرین نیٹ ورک کو بڑھائیں گے۔ پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لئے پرعزم ہیں۔ بیجنگ ٹرانسپورٹ سسٹم کے مشاہدے سے مستقبل میں پنجاب کی ٹرانسپورٹ پالیسی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کا جدید ترین نظام لانا چاہتے ہیں۔ ٹریفک میں کمی کیلئے مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر ہے۔ لاہور میں اورنج لائن میٹر وبس پاک چین دوستی کا چلتا پھرتا ثبوت ہے۔ لاہور،ملتان، اسلام آباداورراولپنڈی میں میٹر وبس سسٹم کیلئے چینی تعاون ناقابل فراموش ہے۔