سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 5 ججوں کو بھی دھمکی آمیز خط ملنے کا انکشاف

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 5 ججوں کو بھی دھمکی آمیز خط ملنے کا انکشاف
کیپشن: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 5 ججوں کو بھی دھمکی آمیز خط ملنے کا انکشاف

پبلک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججوں کو اور لاہور ہائیکورٹ کے 4 ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 5 ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران ججز کو موصول دھمکی آمیز خطوط کے معاملہ پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) آپریشنز شہزاد بخاری عدالت میں پیش ہوئے، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سی ٹی ڈی ہمایوں حمزہ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ ابھی تک کسی کے پاس انسپکٹر جنرل کا فعل چارج نہیں ہے، اس لیے اسلام آباد پولیس کے تمام آپریشنز میں دیکھ رہا ہوں، کیمیائی معائنے کے لیے نمونے بھجوا دیے ہیں، تین سے چار دن میں رپورٹ آ جائے گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں سے خطوط پوسٹ کیا گیا تھا؟۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ اسٹیمپ نہیں پڑہی جارہی ہیں، آج لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو بھی اسی نام سے خطوط ملے ہیں۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ سلمان صفدر نے کہا کہ انہیں ہر صورت ریشما کو ڈھونڈنا چاہیے۔

 چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ ابھی اسٹیمپ کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، کیا تمام خطوط ایک ہی ڈاک خانے سے آئے ہیں؟

ڈی آئی جی پولیس نے بتایا کہ خطوط پر اسٹیمپ مدھم ہے مگر روالپنڈی کی اسٹیمپ پڑہی جاری ہے،عدالت نے دریافت کیا کہ آپ دونوں افسران نے خطوط کے لفافے دیکھے ہیں؟

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے جواب دیا کہ بظاہر راولپنڈی جنرل پوسٹ آفس لگ رہا ہے، جی پی او میں پوسٹ نہیں ہوا کسی لیٹر باکس میں ڈالا گیا ہے، ہم اس لیٹر باکس کی سی سی ٹی وی اور ایریا کی معلومات لے رہے ہیں، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے دریافت کیا کہ آپ نے مقدمہ درج کیا، اب تک کی پیشرفت کیا ہے؟۔

 ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ ہم نے نمونے لیب کو بھیجوا دیے ہیں اور ڈائریکٹر سے میری بات بھی ہو گئی ہے۔

پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز کو بھی خطوط ملے ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 5 ججز کو بھی اسی طرح کے خطوط ملے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے، چیف جسٹس،اطہر من اللہ، جسٹس امین الدین خان کو دھمکی آمیز خط موصول ہوئے.

ذرائع  کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس شاہد وحید کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔جسٹس شاہد وحید کو دھمکی آمیز خط لاہور رجسٹری میں موصول ہوا۔
ذرائع  کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کی سپریم کورٹ آمد، دھمکی آمیز خطوط لیکر روانہ ہوگئے، سپریم کورٹ ججز کو خط یکم اپریل کو موصول ہوئے،آر اینڈ آئی برانچ کے کلرک کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا،دھمکی آمیز خطوط میں موجود پائوڈر سے عدالتی عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

سپریم کورٹ کے 5 ججز کو دھمکی آمیز خطوط یکم اپریل کو موصول ہوئے۔ چاروں خطوط میں پاؤڈر اور خطرے کے نشان والی تصویر بھی بنی ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ کے چاروں ججز کو موصول خطوط کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججوں کو پاؤڈر بھرے مشکوک خطوط موصول ہوئے جس میں ڈرانے دھمکانے والا نشان موجود ہے۔

عدالتی ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ انتظامیہ نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔