ویب ڈیسک:ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی نے ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم کی شناخت الیاس اعوان کے نام سے ہوئی،ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا،ملزم افواج پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ میں ملوث پایا گیا،ملزم ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن پھیلانے میں ملوث تھا،چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،ملزم کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے سائبر ونگ لاہور و پنجاب نے سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والے30 ملزمان کو گرفتار کر لیا،ملزمان احتجاج اور لاشوں کے بارے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے میں ملوث ہیں،ایف آئی اے سائبر ونگ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 71 ایف آئی آرز کا اندراج کیا،ملک بھر میں ایف آئی اے سائبر ونگ نے 154 مقدمات کا اندراج کیا۔
ایف آئی اے سائبر ونگ کی ٹاسک فورس کے پاس 249 انکوائریاں زیر تفتیش ہیں جن پر مزید مقدمات درج ہونگے،سائبر ونگ اسلام آباد نے 52 ایف آئی آرز کا اندراج کیا،کراچی میں 16 ،سکھر میں 4 اور حیدرآباد میں 7 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔