لاہور (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ، سعودی عرب کی جیل میں قید 28 پاکستانی رہائی کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے۔ ایئر پورٹ پر دل سوز مناظر، بہتے آنسوؤں میں پاکستانیوں نے عمران خان زندہ بار کے نعرے لگا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورہ میں خاص طور پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے پاکستانیوں قیدیوں کی رہائی کیلئے بات کی جس کے تحت سعودی سے معمولی جرائم کے مرتکب 28 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، یہ پاکستان قیدی ایک خصوصی طیارے کے ذریعےلاہور پہنچے۔ لاہور ایئر پورٹ پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب آنکھوں میں خوشی کے آنسولئے پاکستانی سرزمین پر پہنچنے والے ان پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے اس موقع پر عمران خان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔