پنجاب میں مون سون بارشیں، کپاس کے کاشتکاروں کیلئے ایڈوائزری جاری

پنجاب میں مون سون بارشیں، کپاس کے کاشتکاروں کیلئے ایڈوائزری جاری
لیاقت پور ( پبلک نیوز) محکمہ زراعت پنجاب کے تحت حالیہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر کپاس کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کپاس کے کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ کسان فصل سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے خالی کھیتوں کے علاوہ کماد، دھان اور چارہ جات کی فصلات کا انتخاب کریں یا کسی نشیبی کھیت میں پانی نکال دیں۔ اس مرحلہ پر فصل پر بھرپور پھل آچکا ہے۔ لہٰذا یہ بھی خیال رکھا جائے کہ پانی کھڑا رہنے اور ہوا چلنے سے فصل کے گرنے کا اندیشہ ہوتا ہے جس سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مون سون کے دوران فضائی نمی میں اضافہ کی وجہ سے سبز تیلہ کی معاشی نقصان دہ حد پر پہنچنے پر محکمانہ سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں۔ بارشوں کے دوران لشکری سنڈی کے حملہ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا اس کا تدارک بھی یقینی بنائیں۔ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز ہائی الرٹ ہیں اور ایڈوائزری کے مطابق کپاس کے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کررہی ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔