اسلام آباد: (پبلک نیوز) الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ووٹنگ محفوظ نہیں، سیکورٹی خدشات ہیں، ووٹر کا ای میل ہیک ہوا تو اس کا ووٹ چوری ہوسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کے پائلٹ پراجیکٹ کے دوران روس اور ویتنام سے حملے ہوئے۔ ووٹر کا ای میل ہیک ہوا تو اس کا ووٹ چوری ہوسکتا ہے۔ انٹرنیٹ ووٹنگ سے ووٹ کی رازداری پر سمجھوتہ ہو سکتا ہے۔ وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ میں بھی اس حق میں نہیں کہ انٹرنیٹ ووٹنگ پر جلدی میں عملدرآمد ہو، مگر انٹرنیٹ ووٹنگ کے آئیڈیا کو کو مسترد نہ کیا جائے۔ انٹرنیٹ ووٹنگ پر پارلیمنٹ فیصلہ کریگی۔