پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیلنا شروع

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیلنا شروع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں اومیکرون کے آنے کے بعد کورونا وائرس کے پازیٹو کیسوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر ( این سی او سی) کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 708 نئے مریض سامنے آئے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پینتالیس ہزار 643 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 708 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 1.55 فیصد رہی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے دو افراد کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی۔ خیال رہے کہ گذشتہ چار روز سے کورونا کیسوں کی شرح ایک فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آخری مرتبہ دو ماہ قبل 30 اکتوبر کو 700 سے زائد مثبت کیسر سامنے آئے تھے جن کی تعداد 733 تھی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) اجلاس میں یہ بات سامنے رکھی گئی کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون کی وجہ سے عالمی وبا کی پانچویں لہر پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گذشتہ تین روز کے دوران کراچی میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد ہو چکی ہے۔ این سی او سی نے ویکسی نیشن کے حوالے سے مزید سخت اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ https://twitter.com/OfficialNcoc/status/1477810426247356418?s=20 این سی او سی نے عوام کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ اس پانچویں لہر سے بچنے کے لئے ماسک لگائیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں کیونکہ جن افراد کو ویکسین لگ چکی ہے وہ بھی اومیکرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔ دوسری جانب آج سے کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگانے کی شروعات ہو رہی ہے۔ یہ بوسٹر خوراک 30 سال سے زائد عمر کے ان شہریوں کو لگائی جائے گی جنہیں ویکسین کی دوسری خوراک کم از کم چھ ماہ قبل لگائی گئی ہو۔