ٹی 20 ورلڈکپ:نمیبیا نےسپر اوور میں عمان کو شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ:نمیبیا نےسپر اوور میں عمان کو شکست دیدی
کیپشن: ٹی 20 ورلڈکپ:نمیبیا نےسپر اوور میں عمان کو شکست دیدی

ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے تیسرے میچ میں نمیبیا نے سپراوور میں عمان کو شکست دیدی۔

عمان کی جانب سے دیئے گئے 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے بھی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز ہی سکور کیے جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر ہو گیا۔

سپر اوور میں نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 21 رنز بنائے اور یوں عمان کو ایک اوور میں 22 رنز کا ہدف ملا، عمان ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہا اور نمیبیا نے میچ 11 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

نمیبیا کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کے اوپنر مائیکل وان لنجین بغیر کوئی رن سکور کیے آؤٹ ہو گئے، بعدازاں نکولاس ڈیون 24، جان فرائیلنک نے 45 رنز بنائے، کپتان گرہارڈ ایراسمس 13 رنز بنا سکے۔

بیٹر جے جے سمٹ نے 8 جبکہ زین گرین صفر پر آؤٹ ہوئے، ٹیم کو جتوانے کے لیے ڈیوڈ ویزے 9 اور ملان کروگر ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود رہے مگر میچ آخری گیند پر ٹائی ہو گیا۔

دوسری جانب عمان کے پیسر بلال خان اور کپتان عاقب الیاس نے ایک، ایک، مہران خان نے 3 اور ایان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

عمان کی اننگز

قبل ازیں گروپ بی میں شامل دونوں ٹیمیں برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول گراؤنڈ میں مدمقابل تھیں جہاں نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

عمان کے بیٹرز نمیبیا کے باؤلرز کے سامنے لڑکھڑا گئے اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 109 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

عمان کو پہلے ہی اوور میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، نمیبیا کے ٹرمپلن نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے میچ کی پہلی گیند پر اوپننگ بیٹر کیشپ پرجاپتی اور دوسری گیند پر کپتان عاقب الیاس کو آؤٹ کر دیا۔

عمان کی جانب سے خالد کائل 34 رنز بناکر نمایاں رہے، ذیشان مقصود 22، آیان خان 15 اور شکیل احمد 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نمیبیا کے روبن ٹرمپلن نے 4، ڈیوڈ ویزے 3، گرہارڈ ایراسمس نے 2 اور برنارڈ شولز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہےکہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے میچ میں امریکا نے کینیڈا اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

Watch Live Public News