ویب ڈیسک :بادشاہ بھی عام انسانوں جیسے ہی ہوتے ہیں ۔ ہوس، لالچ، خوف اور محبت سارے انسانی جذبات برطانوی شاہی خاندان میں بھی بدرجہ اتم پائے جاتے ہیں جسکی مثال حال ہی میں محل پر شاہی جھگڑا ہے، برطانوی بادشاہ نے بھائی کوگھر خالی نہ کرنے پر تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دیدی۔
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ان کے کے بھائی شہزادہ اینڈریو کے درمیان تقریباً 30 ملین پاؤنڈ مالیت کے محل کے حوالے سے تعلقات تقریبا اختتام کو پہنچ رہے ہیں۔ کنگ چارلس چاہتے ہیں کہ ان کا بھائی رائل لاج محل خالی کردے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ڈیوک نے گھر خالی نہ کرنے اور ہیری کے سابقہ گھر میں منتقل ہونے کا اپنا موقف جاری رکھا تو وہ اس سے تعلقات منقطع کر دیں گے۔
جیفری ایپسٹین سکینڈل
ڈیوک جن کے پاس جیفری ایپسٹین سکینڈل کے بعد استعفیٰ دینے پر مجبور ہونے کے بعد اب سرکاری ذمہ داریاں نہیں ہیں اپنی سابقہ بیوی سارہ ڈچس آف یارک کے ساتھ 30 ملین پاؤنڈ مالیت کا 30 کمروں پر مشتمل محل رائل لاج میں رہ رہے ہیں۔
کنگ چارلس طویل عرصے سے اپنے بھائی، جس کے پاس آمدنی کا واضح ذریعہ نہیں ہے، کو ونڈسر پیلس چھوڑنے پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ پرنس ولیم پرنس آف ویلز کنگ چارلس کے تخت کے وارث کے طور پر اپنے کردار کی عکاسی کرنے کے لیے وہاں رہنے کے خواہاں ہیں۔
محل سے متعلق معاہدہ
بادشاہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ کنگ نے اپنے بھائی کو ایک معاہدے کی تجویز پیش کی ہے جس کے ذریعے اسے ڈچز آف لنکاسٹر سے اپنے پیسے سے اچھی آمدنی کی ضمانت دی جائے گی۔ بادشاہ کے دوستوں میں سے ایک نے بتایا ہے کہ بدقسمتی سے اگر اینڈریو ایک مناسب وقت کے اندر جانے سے انکار کر دیتے ہیں تو کنگ چارلس کو اپنے پورے امدادی پیکج کا از سر نو جائزہ لینا پڑے گا اور ڈیوک کو محل کی حفاظت کے اخراجات میں سے بڑا حصہ برداشت کرنا پڑے گا۔ ٹائمز کے مطابق اینڈریو کو ایسی رہائش اور طرز زندگی جس کے وہ متحمل نہیں طویل عرصے تک جاری رکھنا مہنگی پڑ جائے گی۔
محل میں جہنم
اینڈریو کو رائل لاج سے نکالنے کی بادشاہ کی مسلسل کوششوں کے بعد چارلس کے ایک دوست نے بتایا ہے کہ موجودہ حالات میں رائل لاج میں زندگی جہنم بننے والی ہے۔ گزشتہ برس یہ الزامات سامنے آئے تھے کہ اینڈریو محل کی دیکھ بھال کے 4 لاکھ پاؤنڈ سالانہ اخراجات کو پورا کرنے سے قاصر تھے۔ یاد رہے یہ محل انیسویں صدی کا ہے اور اینڈریو پہلی مرتبہ 2007 میں وہاں منتقل ہوئے۔ اب وہ اپنی سابقہ بیوی سارہ کے ساتھ وہاں رہ رہے ہیں۔
کرائے کا معاہدہ
شہزادے نے 250 پاؤنڈ فی ہفتہ کے حساب سے 75 سالہ لیز پر دستخط کیے تھے لیکن شہزادے کو جیفری ایپسٹین سکینڈل کی وجہ سے اپنے شاہی فرائض چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ اس کی وجہ سے ان کے شاہی الاؤنس میں دو لاکھ 49 ہزار پاؤنڈ کی کمی ہوگئی تھی۔