انڈین خاتون نے تاج محل کی ملکیت کا مطالبہ کردیا

انڈین خاتون نے تاج محل کی ملکیت کا مطالبہ کردیا
کولکتہ: (ویب ڈیسک) ایک بھارتی خاتون نے تاج محل کی ملکیت کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مغل سلطنت کی وارث ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس خاتون کا نام سلطانہ بیگم اور اس کی عمر 68 سال ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے مرحوم شوہر مرزا محمد بدر بخت ہندوستان کے آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے پڑپوتے ہیں۔ مغل خاندان سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون انتہائی کسمپرسی سے زندگی گزار رہی ہے۔ اس کا کولکتہ کے مضافات میں صرف دو کمروں پر مشتمل انتہائی خستہ حال مکان ہے۔ سلطانہ بیگم کا کہنا ہے کہ میرے شوہر مرزا محمد بدر بخت 1980ء میں وفات پا گئے تھے۔ ان کے بعد میں نے زندگی میں بہت سی مشکلات جھیلیں۔ ہندوستان حکومت نے میری پنشن لگا رکھی ہے لیکن یہ رقم اتنی محدود ہے کہ اس میں میرا گزارا مشکل ہے۔ جو بھی سلطانہ بیگم سے شاہی خاندان سے تعلق کا ثبوت پیش کرنے کا کہتا ہے، وہ اسے مرزا محمد بدر بخت کیساتھ شادی کا سرٹیفیکٹ اور نکاح نامہ دکھاتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں سلطانہ بیگم کا کہنا تھا کہ آپ ذرا تصور کریں کہ دنیا کی اہم ترین عمارت تاج محل کو تعمیر کروانے والے مغل حکمران کی نسل آج کس مشکل اور غربت میں اپنی زندگی گزار رہی ہے۔ اس خاتون نے دہلی ہائیکورٹ میں کیس دائر کر رکھا ہے جس میں انہوں نے سترہویں صدی میں تعمیر ہونیوالے لال قلعہ کی ملکیت کا بھی دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تاج محل اور لال قلعہ ہماری ملکیت ہے۔ یہ دونوں تاریخی عمارتیں ہمیں واپس دی جائیں۔ مجھے قومی امید ہے کہ ہندوستانی حکومت میرا مطالبہ مانتے ہوئے مجھے انصاف فراہم کریگی۔ سلطانہ بیگم نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے ان کی پراپرٹی پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے، یہ عمارتیں ہماری وراثت ہیں، عدالت اس پر سے قبضہ چھڑا کر انھیں ہمارے حوالے کرے۔