ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے آنے والے بدقسمت خاندان کی گاڑی سون ویلی میں گہری کھائی میں گرگئی۔ جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 کی حالت شدید تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو نوشہرہ ٹی ایچ کیو منتقل کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خوشاب کے علاقے سون ویلی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق جبکہ 9 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
بدقسمت خاندان بنوں سے مزدوری کے لیے منی ٹرک میں سوار ہوکر خوشاب آ رہا تھا۔ بریک فیل ہونے سے گاڑی کھائی میں جاگری۔ مرنے والوں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوشاب کے قریب سون ویلی میں منی ٹرک کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کای ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
صوبائی وزیرقانون کا اظہار افسوس:
صوبائی وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے خوشاب حادثہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بچوں سمیت قیمتی جانوں کے نقصان پر بہت افسوس ہوا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
صوبائی وزیرقانون نے خوشاب انتظامیہ کو لاشوں کو آبائی علاقے میں منتقل کرنے کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔