ویب ڈیسک: (شکیل خان) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے سینٹرل کنٹریکٹ کی معطلی ختم ہونے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے اگلے چند روز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی معطلی ختم کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے چند روز قبل اپنی معطلی کے خلاف پی سی بی کو اپیل کی تھی، حارث رؤف نے اپیل میں دورہ آسٹریلیا سے دستبردار ہونے کی تمام وجوہات کے بارے میں پی سی بی کو تفصیلی آگاہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 9 کے آغاز سے چند دن قبل حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون تک معطل کر دیا تھا۔ پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ دورہ آسٹریلیا سے انکار کے بعد معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حارث رؤف کے سینٹرل کنٹریکٹ کی معطلی کے ساتھ انہیں کرکٹ لیگز میں شرکت کے لیے این او سی نہ دینے کا بھی اعلان کیا گیاتھا۔