ویب ڈیسک: (محمد شکیل) پی ایس ایل سیزن 10 کی تیاری، ڈرافٹ شیڈول سمیت تمام معاملات پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز اور پی ایس ایل مینجمنٹ کے درمیان میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی پی ایس ایل کے امور پر اہم میٹنگ متوقع ہے۔
گزشتہ میٹنگ جو کہ 2 روز قبل ہوئی تھی اس میں معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی تھی اور آج کی ہونےوالی میٹنگ میں مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا، اور ان تجاویز کو اگلی میٹنگز میں فائنل کیاجائےگا۔
دوسری جانب پی ایس ایل 10 کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ بڑے غیر ملکی ناموں کو رجسٹریشن کے لیے شامل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ خصوصی طور پر وہ بڑے نام جن کے آئی پی ایل میں کنٹریکٹ نہیں ہو سکے تھے انہیں پی ایس ایل میں لانے کی کوشش کی جائے گی اور اس حوالے سے فرنچائز ز خود بھی بڑے بڑے ناموں سے رابطے کر رہی ہیں۔
آنے والی میٹنگز میں کھلاڑیوں کی ری ٹینشن اور ٹریڈنگ کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی ۔پی ایس ایل پلئیرز ڈرافٹ 11 جنوری کو ہو گی جبکہ ڈرافٹنگ کے وینیو کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
آئی سی سی چیمئنز ٹرافی کے معاملے پر بھارت کی نئی سازش سامنے آگئی
بھارت نے اپنےملک میں شیڈول آئی سی سی ایونٹ کوبچانے کے لئے ایک نئی چال چلی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان کے تجویز کردہ فارمولے پر تمام فریقین راضی ہیں، تاہم بھارت فیوژن فارمولے پر کھیلنے کے لئے راضی ہے ،مگر یہی فارمولا اپنے ایونٹس پر لاگو کرنے سےکترا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے گروپ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز پر بی سی سی آئی راضی ہے مگر بھارت نے ساتھ میں یہ چال چلی ہے کہ بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ بھارت میں ہی ہوں اور سیمی فائنل یا فائنل میں رسائی پر پاکستان کو بھارت میں کھیلنا پڑے گا،بی سی سی آئی کی اس نئی منطق کی منظور ی کا کوئی امکان نہیں.
پاکستان نے چیمپئز ٹرافی سمیت اگلے تین سال تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لئے فیوژن ماڈل کی تجویز دی ہے۔فیوژن ماڈل کے تحت بھارت پاکستان میں اور پاکستان بھارت میں شیڈول آئی سی سی میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا اور اگر بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو پاکستان بھی بھارت میں کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور جو فارمولا پاکستان کے لئے ہوگا وہی بھارت کے لئے ہو گا، دوسری جانب بھارتی میڈیا نے چیمئنز ٹرافی پر قانونی چارہ گوئی کی چہ مگوئیاں بھی شروع کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمئنز ٹرافی کے بائیکاٹ پرپاکستان کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے،پاکستان نےآئی سی سی کا ہوسٹ ایگریمنٹ اور مینڈیٹری ممبرزپارٹیسپیشن ایگریمنٹ بھی سائن کیا ہوا ہے.مینڈیٹری ممبرزپارٹیسپیشن ایگریمنٹ سائن کرنے سے ممبر ز کو رینیو میں سے حصہ ملتا ہے۔پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کی جانب سےپاکستان کےخلاف قانونی چارہ جوئی ہوسکتی ہے.