ابوظہبی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ نمیبیا کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میچ میں تمام کھلاڑی اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، بڑی پارٹنرشپ بنانے کے پلان میں کامیاب رہے۔ منگل کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد ایوارڈ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے تمام کھلاڑی اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، ہم اپنی پوری محنت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شروع میں کنڈیشن بہت مشکل تھی، بابر اعظم کے ساتھ مل کر یہی پلان تھا کہ جتنا ہو سکے پارٹنر شپ کو آگے بڑھانا ہے، شروع میں مشکل تھا، نمیبیاکی ٹیم نے اچھی بائولنگ کی، بال ہٹ نہیں ہورہی تھی، انہوں نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے، جب کنڈیشن تھوڑی بہتر ہوئی تو اس کے بعد بڑے شارٹس بھی لگائے۔ محمد رضوان نے کہا کہ محمد حفیظ نے شارٹس کھیلے تو مومینٹم بنا پھر ہٹنگ کرنے میں کامیاب رہے۔ واضح رہے محمد رضوان نمیبیا کے خلاف 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔