اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف عوامی نہیں، سازشی آدمی ہیں، پتا نہیں وہ عوامی مہم پر کیوں نکل گئے ہیں؟ امید ہے جلد واپس آ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو مہنگائی کے خلاف جلوس نکالیں تو چیف منسٹر ہائوس کے سامنے نکالیں تاکہ انہیں پتا چلے کہ سندھ میں مہنگائی کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ سندھ حکومت کو اپنے انتظامی معاملات پر دوبارہ نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت سندھ حکومت کی وجہ سے پورے کراچی اور صوبہ مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح فرق ہے۔ سندھ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں پنجاب کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ کابینہ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا خطے کے دیگر ملکوں سے تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ خطے کے دیگر ملکوں کی نسبت ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمت کم ہے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ اس کے علاوہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت بنگلا دیش اور بھارت کی نسبت کم ہے۔ علاقائی ممالک میں غربت کی شرح پاکستان سے زیادہ ہے۔ اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھیں۔ نیب اصلاحات، الیکٹورل ریفارمز پر اپنی ترامیم سامنے لائیں۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں گندم کے آٹے کی فی کلو قیمت 60.09 روپے، ہندوستان اور بنگلا دیش میں 83 روپے جبکہ افغانستان میں 73.50 روپے ہے۔ دال چنا کی پاکستان میں قیمت 146.77 روپے، ہندوستان میں 166 روپے اور بنگلا دیش میں 224 روپے ہے۔ اسی طریقے بھارت میں 258 روپے لٹر اور بنگلا دیش میں 180 روپے لٹر پٹرول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بدھ کو قوم سے اہم خطاب میں ملکی معیشت سے متعلق اہم فیصلوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ ملک کی 53 فیصد آبادی احساس پروگرام سے مستفید ہوگی۔ اتنا بڑا ریلیف پیکیج پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔