اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معروف کار ریسر سلمیٰ خان کی گاڑی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں سے جا ٹکرائی۔ اس افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے۔ دونوں نوجوان آپس میں سگے بھائی بتائے جا رہے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور گاڑی کے نیچے پھنسے دونوں نوجوانوں کو شدید زخمی حالت میں نکال کر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو چکا ہے جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ بدقسمت نوجوانوں کے والد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں اس حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حادثہ اسلام آباد کے علاقے او پی ایف کالج کی جانب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بے قابو گاڑی نے موٹر سائیکل سوار نوجونواں کو زور دار ٹکر مار کر انھیں کچل دیا۔ یہ گاڑی ایک نامعلوم خاتون چلا رہی تھیں جو حادثے کے فوری بعد موقع سے فرار ہو گئیں۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں نوجوان سگے بھائی ہیں۔ ان میں سے اکتیس سالہ محمد شبیر جاں بحق ہو چکا ہے جبکہ 18 سالہ محمد حمزہ کی حالت تشویشناک ہے۔