محمد اظہر الدین بڑی مشکل میں پھنس گئے، منی لانڈرنگ کیس میں طلب

محمد اظہر الدین بڑی مشکل میں پھنس گئے، منی لانڈرنگ کیس میں طلب

(ویب ڈیسک ) محمد اظہر الدین بڑی مشکل میں پھنس گئے۔ اظہر الدین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں طلب کرلیا۔

 اظہر الدین پر حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ یہ کیس 20 کروڑ روپے کی ہیرپھیر کا بتایا جا رہا ہے۔

  مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی کے ذرائع کے مطابق حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) میں مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کے بعد ای ڈی نے ایچ سی اے حکام کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔ ای ڈی نے تلنگانہ میں 9 مقامات پر چھاپے مارے اور کئی اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات برآمد کئے.

یہ پورا معاملہ حیدرآباد میں راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر میں مالی بے ضابطگیوں کا ہے۔ 

الزام ہے کہ عہدیداروں نے پرائیویٹ کمپنیوں کو اونچی قیمتوں پر ٹھیکے دیے اور ایسوسی ایشن کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ای ڈی نے اس معاملے میں تین ایف آئی آر درج کی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہے۔ یہ جانچ اسٹیڈیم کے لیے ڈی جی سیٹ، فائر فائٹنگ اسٹارٹرز اور کینوپیز کی خریداری کے لیے مختص 20 کروڑ روپے کے فنڈز کے غلط استعمال کے بارے میں ہے۔

ایسوسی ایشن کے سی ای او سنیل کانت بوس نے ایچ سی اے میں بدعنوانی کی شکایت کی ہے۔ اس کیس میں اظہر کے علاوہ بھی کئی ملزم ہیں۔ مرکزی ملزموں میں گدم ونود، شیو لال یادو، ارشد ایوب شامل ہیں۔ ایس ایس کنسلٹنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی اور کمپنی کے ایم ڈی رہ چکے ستیہ نارائن  کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ تاہم اظہرالدین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

محمد اظہر الدین جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے دفتر نہیں پہنچے۔ ذرائع کے مطابق اظہر الدین نے تحقیقاتی ایجنسی سے تین سے چار ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ اظہر نے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر کے ممکنہ انتخابات کے پیش نظر مصروف ہیں۔

61 سالہ محمد اظہر الدین 99 ٹیسٹ اور 334 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے 47 ٹیسٹ اور 174 ون ڈے میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی ہے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اظہر نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا تھا۔ وہ 2009 میں لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ اظہر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر بھی رہ چکے ہیں۔

Watch Live Public News