ناک سے خون بہنے، ہونٹ پھٹنے کےواقعات کیوں سامنے آ رہے ہیں؟

ناک سے خون بہنے، ہونٹ پھٹنے کےواقعات کیوں سامنے آ رہے ہیں؟

ویب ڈیسک: ملک کے مخلتف شہروں میں لوگوں کی جانب سے ناک سے خون نکلنے کی شکایات آ رہی ہیں جبکہ کئی افراد نے ہونٹوں کے پھٹنے کی بھی شکایت کی ہے۔

یہ شکایات اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع پشاور، بنوں، نوشہرہ، ضلع خیبر اور ضلع کرم سے بھی موصول ہو رہی ہیں۔

ان علامات کی وجہ سے کئی لوگوں کا خیال ہے کہ یہ کورونا وباء میں مبتلا ہونے کی علامات ہیں تاہم ماہرین نے اس خدشے کی نفی کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں کو اس کی وجہ قرار دیا ہے، ماہرینِ صحت کا اس متعلق کہنا ہے کہ خشک موسم اور ہوا کے کم دباؤ کے باعث ناک سے خون بہنا معمول کی بات ہے اور اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ ناک سے آجکل خون بہنے کی وجہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونا اور گرمی ہے۔

نیوز ویب ڈیسک سے بات چیت میں ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر سومیا اقتدار نے کہا کہ ناک سے خون آنے کی سب سے بڑی وجہ ہوا میں موجود نمی کے تناسب میں کمی ہے۔ ڈاکٹر سومیا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہوا میں کم نمی ناک کی جلد کو  خشک کرسکتی ہے اور اس میں موجود  خون کی نالیوں کو مزید تنگ کر سکتی ہے۔ نوزیل بلیڈ اس وقت پیش آتی ہے جب یہ چھوٹے نالیاں خشکی کی وجہ سے پھٹ جاتی ہیں۔  

ڈاکٹر سومیا نے مشورہ دیا کہ ناک سے خون بہنے سے روکنے کے لیے ہر ایک کو اپنے آپ کو ہائیڈریٹ رکھنا چاہیے، اور ناک کی جلد پر خارش کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر سومیا نے کہا کہ پاکستان میں ایسا آب و ہوا میں تبدیلی کی وجہ سے ہو رہا ہے، پاکستان میں اس وقت غیر معمولی طور پر خشک ہوائیں چل رہی ہیں جو لوگوں میں اس طرح کی علامات کا سبب بن رہی ہیں۔ 

دریں اثنا،  محمد ریاض کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ آنے والے دو تین دن میں صورتحال بہتر ہو جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس موسم میں ہائیڈریٹ رہنا چاہئے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔