ویب ڈیسک:بھارت سے چلنے والی آلودہ ہواؤں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مختلف شہروں میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ اسموگ اور دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ علی پور میں اسموگ کے باعث پکنک سے واپسی آنے والی نجی اسکول کی بس الٹ گئی، حادثے میں ڈرائیور سمیت 5 طلبا و طالبات زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 753 تک جا پہنچی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے فیز 8 کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1391، امریکی قونصلیٹ کا 860 جبکہ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 806 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ عسکری 10 کے علاقے کا اے کیو آئی 725 تک جا پہنچا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے فیز 8 کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1391، گلبرک ٹو کے علاقے کا 918، ڈی ایچ اے فیز 5 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 856 ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملتان کا اے کیو آئی 587 ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد 226, پشاور 463 اور راولپنڈی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 248 کو چھوگیا ہے۔
فضا میں زہریلے ذرات کے باعث شہریوں کو سانس لینے سمیت کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا کا یہ معیار انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، پنجاب اور کے پی میں شہریوں کو سانس لینے میں مسائل کا سامنا ہے جبکہ ناک، کان اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ مسئلہ اب ایک شہر یا صوبے کا نہیں، پورے پاکستان اور خطے کا انسانی مسئلہ بن چکا ہے، شہری احتیاط کریں، شدید آلودگی کا شکار شہروں کے مکین بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔
امارات کی پاکستان کو اسموگ کے اثرات کم کرنے کیلئے مدد کی پیشکش
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو اسموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تکنیکی مدد دینے کی پیشکش کردی۔اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلام الذہبی نے پاکستان بالخصوص پنجاب میں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی اسموگ پر مایسی کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا کہ نگران حکومت کے دوران ان کی حکومت نے اس حوالے سے پاکستان کی مدد کی تھی، متحدہ عرب امارات نے اس وقت خصوصی طیارے بھجوائے تھے جو کہ کلاؤڈ سیڈینگ کرتے ہیں اور اس سے کچھ علاقوں میں مصنوعی بارش کرائی گئی تھی جس سے برادر ملک کے کچھ شہریوں کو سکون ملا تھا۔
علی پور میں اسموگ کے باعث نجی اسکول کو حادثہ
پنجاب کے شہر علی پور میں اسموگ کے باعث پکنک سے واپسی آنے والی نجی اسکول کی بس الٹ گئی، حادثے میں ڈرائیور سمیت 5 طلبا و طالبات زخمی ہو گئے۔
شہر سلطان کے نجی اسکول کی بس کو علی پور کے ہیڈ پنجند روڈ پر حادثہ پیش آیا، جہاں اسکول بس بچوں کو بہاولپور سے پکنک کے بعد شہر سلطان لے کر جا رہی تھی، اسموگ کے باعث بس الٹ گئی، حادثے میں 20 سالہ مصباح، 12 سالہ سارا صدیقی، 14 سالہ مریم، 8 سالہ زینب، 10 سالہ صباحت اور 58 سالہ محمد علی بس کا ڈرائیور زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث لاہور کے تمام پارکس، کھیل کے میدان، تاریخی مقامات، یادگار، میوزیم میں عوام کے داخلے پر 17 نومبر تک پابندی لگا دی گئی جبکہ ہوٹل اور مارکیٹس رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 93 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر لاہور میں بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں۔