اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں

اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں
اسلام آباد ( پبلک نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے، افغانستان کے فیصلے افغان قوم کے فیصلے ہیں، جو افغان قوم فیصلہ کرے گی وہ ہمارے لئےقابل قبول ہے، ہم نے ویکسی نیشن سنٹر کی تصدیق کیلئے چھ سو اسی سنٹر کھولے ہیں، کل اس میں دو لاکھ لوگ آئے ہیں، آٹھ دنوں تک ہم اپنی کیپسٹی بڑھا رہے ہیں، وزارت داخلہ ، نادرا ، ایف آئی ، ویزہ سیکشن امیگریشن ، سب گند کو صاف کر دیں گے، جھاڑو پھیر دیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ن اور ش میں وہی ہوا جو میں نے کہا تھا، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ بہت چیخ اور چلا رہے تھے وہ اپنی اصل جگہ پر آگئے ہیں،ان کو سمجھ آگئی ہے۔ میں ان کو مفت مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سیاست میں یہ نئی ریجنل سیاست آرہی ہے، تمہاری سوچ سے بڑی سیاست پاکستان میں ہونے جا رہی ہے، جو کہ عمران خان کھیلے گا اور کرے گا، آپ لوگ چوں چوں کا مربہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کو یہ سمجھ ہی نہیں ہے ٹی وی چینل کیلئے آپ نہ بولیں تو ان کو ڈرامے خریدنے پڑیں۔ کامیڈی سب سے مہنگی ہوتی ہے۔ کیمرے آپ کے شکرگزار ہیں کہ آپ صرف ان کیلئے سیاستدان کر رہے ہیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہا اور آپ جیسی نالائق اپوزیشن میں مجھے یقین ہوتا جا رہا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی وہ لگا لے گا۔ پہلے اپنا گھر ٹھیک کرو، ملک آپ نے کیا خاک ٹھیک کرنا ہے، دونوں پارٹیوں کے گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائیاں جاری ہیں۔

Watch Live Public News