لاہور ( پبلک نیوز) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ انہوں نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق یاسمین راشد آج ڈینگی سے متعلق اجلاس میں شریک تھیں جس میں چیف سیکرٹری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شریک تمام افراد کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بیٹے کا امریکا پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اپنا بھی ٹیسٹ کرایا اور مثبت آگیا۔ کورونا وبا نے پھر سے پنجے گاڑھ لیے۔ سالِ نو کی رونقوں کو بھی ماند کردیا . پاکستان میں اومیکرون کے آنے کے بعد کورونا وائرس کے پازیٹو کیسوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے متعددنئے مریض سامنے آئےہیں. نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں یہ بات سامنے رکھی گئی کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون کی وجہ سے عالمی وبا کی پانچویں لہر پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ این سی او سی نے عوام کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ اس پانچویں لہر سے بچنے کے لئے ماسک لگائیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں کیونکہ جن افراد کو ویکسین لگ چکی ہے وہ بھی اومیکرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔