لبنان میں حماس کے نائب سربراہ صالح العروری کے قتل کے بعد دنیا بھر میں اسرائیلی سفارت خانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی پبلک براڈکاسٹرکے اے این(KAN) نے کہا کہ تمام سفارت خانوں ، اسرائیلی اور یہودی اداروں سے نگرانی بڑھانے کو کہا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ " لبنان کے ساتھ سرحد پر تعینات فضائیہ اور فورسز کو حماس اور حزب اللہ کی طرف سے جوابی حملے کے باعث نگرانی بڑھانے کے لیے کہا گیا ہے۔" گزشہ روز حزب اللہ نے بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کو صالح العروری کی شہادت کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ بیروت کے مرکز میں حماس رہنما پر حملے کو لبنان کے عوام، سکیورٹی اور خودمختاری پر حملہ قراردیتے ہوئے حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اس حملے کا اسرائیل کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا جس میں حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری شہید ہوگئے تھے۔