محکمہ موسمیات نے پیشگوئی ہے کہ پاکستان میں بارش کے موجودہ سلسلے کا رخ ابھی جنوبی پنجاب، صوبہ بلوچستان اور سندھ کی طرف ہے۔ آئندہ چند روز میں ان علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ملک بھر میں بارشیں عید کے دوران 12 اور 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ 6 جولائی کے بعد بارش کا موجودہ سلسلہ شمالی اور وسطی شمالی پنجاب میں داخل ہوگا۔ منگل کے روز ملک کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور مرطوب/ جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ سندھ ، بلوچستان، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوامیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا ،کشمیر، بلوچستان ، پنجاب اور سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بالاکوٹ40، تخت بائی 05، چیراٹ02، مالم جبہ 01، مظفر آباد 24، راولاکوٹ، گڑھی دوپٹہ 15، پنجگور 22، لسبیلہ، اورماڑہ 09، قلات 05، بارکھان 03، مری 08، اٹک 05، بہاولپور، جہلم، نارووال، سیالکوٹ 01، مٹھی 06 اور کراچی 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی، دالبندین 47، چلاس 46 اور سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔