عثمان بزدار کا بغیر پروٹوکول دورہ، گاڑی خود ڈرائیو کی

عثمان بزدار کا بغیر پروٹوکول دورہ، گاڑی خود ڈرائیو کی

لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ان ایکشن، وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور اکیلے ہی بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے صفائی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسٹاف افسر، سکیورٹی آفیسر اور آفیشل فوٹوگرافر و کیمرہ مین کوبھی ساتھ لے کر نہ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر کے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار کے حکم پرلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران علی سلطان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں اور جو افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا وہ پنجاب چھوڑدے۔ کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی اور نہ ہی صفائی پر کوئی سمجھوتہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے دورے کے دوران صفائی کی خراب صورتحال دیکھ کر ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی پر افسوس ہوا۔ شہر میں صفائی کی صورتحال کے بارے کچھ عرصے سے شکایات مل رہی تھیں جس پر میں نے صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور دل کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔