یوکرین میں بھارتی طالب علم کو گولی مار دی گئی

یوکرین میں بھارتی طالب علم کو گولی مار دی گئی
کیف: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بھارتی طالب علم کو گولی مار دی گئی ہے۔ طالب علم کو تشویشناک حالت میں دارالحکومت کیف کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل روسی فوج کے حملے میں ایک ہندوستانی طالب علم مارا گیا تھا۔ انڈین حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سفارت خانے نے پہلے ہی ترجیحی بنیاد پر واضح کر دیا تھا کہ سب کو کیف چھوڑ دینا چاہیے۔ جنگ کی صورت میں بندوق کی گولی کسی کے مذہب اور قومیت کو نہیں دیکھتی۔ بگڑتی ہوئی حالت کے درمیان، ہندوستانی طلبہ جنگ زدہ یوکرین سے فرار ہو رہے ہیں اور ملک واپسی کے لیے پولینڈ کی سرحد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انڈیا کے چار مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، جیوترادتیہ ایم سندھیا، کرن رجیجو اور جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ یوکرین سے ملحقہ ممالک میں بچاؤ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اب تک کئی ہندوستانی طلبہ بحفاظت واپس آچکے ہیں۔ اس سے قبل کرناٹک کے رہنے والے طالبعلم نوین کی یوکرین میں موت ہو گئی تھی۔ نوین کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ کھانے کی اشیاء لینے کے لیے سٹور کے پاس کھڑا تھا کہ وہ روسی فوجیوں کی گولیوں کی زد میں آگیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ روسی فوج یوکرین پر مسلسل بمباری کر رہی ہے۔ آج اس جنگ کا 8واں دن ہے اور اس کے جلد ختم ہونے کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آتے۔

Watch Live Public News