اننت امبانی کی شادی پرکون آیا اور کس کو دعوت نہیں ملی؟ سوشل میڈیا پر چرچے

اننت امبانی کی شادی پرکون آیا اور کس کو دعوت نہیں ملی؟ سوشل میڈیا پر چرچے
کیپشن: Reliance Industries chairman Mukesh Ambani’s youngest son Anant Ambani and Radhika Merchant Wedding
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر اس بات کے چرچے ہیں کہ  اننت امبانی  کی شادی پرکون کون آیا اور کس کس کو دعوت نہیں ملی۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جو کوئی نہیں کر سکا وہ مکیش امبانی کے پیسے نے کر دکھایا۔

انڈیا کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی شادی سے پہلے منعقد کی جانے والی تین روزہ تقریب میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے شاید سب سے حیرت انگیز نظارہ تین خانوں عامر، شاہ رخ اور سلمان کا ایک ساتھ آنا تھا۔

  بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پیسوں کی باتوں سے قطع نظر آئیے ہم یہ دیکھتے ہیں کہ تینوں خان کیونکر ایک ساتھ نظر آئے کیونکہ اگر کوئی فیس ادا کی بھی گئی ہے تو نہ تو لینے والے ہی بتائیں گے اور نہ ہی دینے والے منھ کھولیں گے۔ 

پی ٹی آئی نے لکھا: ’شاہ رخ، سلمان اور عامر کے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے منتظر شائقین کو ان کی مشترکہ سٹار پاور کی ایک چھوٹی سی جھلک اس وقت ملی جب تینوں نے رام چرن (جنوبی ہند کے معروف اداکار) کے ہمراہ ’ناٹو ناٹو‘ کے مشہور رقص پر قدم سے قدم ملانے کی کوشش کی۔‘

خیال رہے کہ اس گیت کو گذشتہ سال آسکر انعام سے نوازا گیا تھا۔بہر حال جب ناٹو ناٹو پر ان خانوں کا زور نہ چلا تو سلمان نے چارج سنبھال لیا اور عامر اور شاہ رخ کے ساتھ اپنی فلم ’مجھ سے شادی کرو گی‘ کے اپنے ہٹ گیت ’جینے کے ہیں چار دن‘ پر اپنا جانا پہچانا رقص ’تولیہ ڈانس‘ پرفارم کیا۔

اس کے بعد عامر نے اپنی فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کے گیت ’مستی کی پاٹھشالا‘ پر قدم تھرکنا شروع کیا تو شاہ رخ کہاں پیچھے رہنے والے تھے چنانچہ انھو ںنے اپنی فلم دل سے کے گیت ’چل چھیاں چھیاں‘ پر رنگ جمانا شروع کر دیا۔

ایک بار فلم ساز فرح خان نے تینوں خانوں کو ایک ساتھ لانے کے بارے میں کہا تھا کہ ’انھیں تو خدا بھی ایک ساتھ نہیں لا سکتا ہے۔‘ اس کے بعد اس بابت گفتگو شروع ہو گئی۔

سید زین رضا نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’جو گذشتہ 35 برسوں میں کوئی بھی بالی وڈ ہدایتکار نہ کر سکا اسے امبانی کے پیسے نے کر دکھایا۔‘

عطیہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ انھوں نے جب اپنی والدہ سے کہا کہ دیکھیں عامر، شاہ رخ اور سلمان ایک ساتھ ڈانس کر رہے ہیں تو ان کی والدہ نے کہا، ’ٹھنڈ رکھو، انھیں ان کی فیس دی جا رہی وہ سب بغیر پیسے کے تو ہلتے بھی نہیں۔‘

Watch Live Public News