ممبئی: (ویب ڈیسک) یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا اور شہناز گل کا رشتہ کتنا خوبصورت تھا۔ اب خود اداکارہ شہناز نے بریک اپ کی خبر پر خاموشی توڑ دی ہے۔ سدھارتھ شکلا کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 2 ماہ ہونے کو ہیں لیکن مداح ابھی تک اس حقیقت کو قبول کرنے سے قاصر ہیں کہ ان کے پسندیدہ اداکار اب ان میں نہیں رہے۔ بگ باس کے گھر میں سدھارتھ شکلا کی شہناز گل سے دوستی ہوئی تھی۔ دونوں کی کیمسٹری ایسی تھی کہ مداح انہیں ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے چین رہتے تھے۔ ادھر شہناز گل کا ایک انٹرویو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے سدھارتھ کیساتھ اپنے رشتے اور بریک اپ کی افواہوں پر بات کی ہے۔ زوم کو دیئے گئے انٹرویو میں بریک اپ کے بارے میں پھیلائی جانے والی عجیب وغریب افواہوں کا جواب دیتے ہوئے شہناز گل نے کہا کہ میں بھی یہ افواہیں سن کر ہنس پڑی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا کبھی سدھارتھ کیساتھ بریک اپ نہیں ہوا۔ اس قطعی جواب سے واضح ہو جانا چاہیے کہ میں ایسی باتوں کی بالکل بھی پرواہ نہیں کرتی۔ خیال رہے کہ سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد شہناز کے دو گانے ریلیز ہوئے ہیں۔ ایک کا نام 'عادت' ہے جس کی شوٹنگ سدھارتھ کی اچانک موت کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی تھی۔ اس گانے کو شریا گھوشال نے اپنی آواز دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوسرا گانا سدھارتھ شکلا کو ٹریبیوٹ تھا جسے شہناز نے خود گایا تھا۔ گانے کا نام 'تو یہ ہے' ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ حال ہی میں شہناز گل کی فلم 'حوصلہ رکھ' ریلیز ہوئی ہے۔ فلم میں ان کے ساتھ دلجیت دوسانجھ اور سونم باجوہ نظر آئے ہیں۔ شہناز گل کی فلم کے ساتھ ساتھ لوگ ان کے کام کو بھی پسند کر رہے ہیں اور اداکارہ کی اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔