ویب ڈیسک: عمران خان کے ذاتی معالج سمیت پمز اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ نے آج اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں صحت مند قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا ایک گھنٹے تک طبی معائنہ کیا اور ان کے مختلف ٹیسٹ بھی تجویز کیے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ کرنیوالے میڈیکل بورڈ میں پمز اسپتال کے 3 ڈاکٹرز اور بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف شامل تھے۔
عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کے مطابق عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، میڈیکل بورڈ نے کچھ ٹیسٹ تجویز کیے ہیں، جس کے بعد طبی معائنے کی رپورٹ تیار کی جائے گی۔
قبل ازیں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ معائنہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر کیا جا رہا ہے، جس نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔
ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ ان کی صحت کی صورتحال کا مکمل اندازہ لگایا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، میڈیکل بورڈ عمران خان کے طبی معائنہ کی رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کرے گا۔