کرم میں دہشتگردوں کا حملہ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اہم اعلامیہ جاری

کرم میں دہشتگردوں کا حملہ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اہم اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں گزشتہ روز دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے، جس میں 42 سے زائد معصوم مسافروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سلمان منصور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدر میاں رؤف عطا اور 27ویں ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ روز ہونے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردانہ کارروائی میں جاں بحق شہریوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

اعلامیہ  کے مطابق دہشتگردوں نے ایک اور سفاکانہ کارروائی میں کرم کے قریب 42 سے زائد معصوم مسافروں کو قتل کیا، اس کارروائی میں درجنوں خواتین، بچے  زخمی ہوئے، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی کارروائی کے خطرات کا اندازہ لگانے میں ناکام رہے۔

’مہذب معاشروں میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں، ہماری قوم نے دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور ماضی میں اسے شکست دی ہے، موجودہ وقت ایک بار پھر اسی عزم کا تقاضا کرتا ہے۔‘

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی معاملات پر بیشتر وسائل ضائع کرنے کی بجائے امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے عام شہریوں کی سلامتی، امن اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ پارا چنار سے پشاور جانے والی کانوائی میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

Watch Live Public News