آج 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

آج 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے
کیپشن: آج 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: بھارتی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے واقعے کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 5 اگست 2019 کو تاریخ کے سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جاتاہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم ہوئے آج پانچ سال مکمل ہو گئے ہیں ،لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منا رہے ہیں۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارت نے طاقت کے ذریعے آج ہی کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جسے کشمیریوں نے مسترد کردیا ، بھارت نے 05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل فوجی چھاؤنی میں تبدیل کیا۔

بھارتی فوج کی بربریت سے 5سال کے دوران 907 کشمیری شہید، 2400 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 24 ہزار کو گرفتار بھی کیا گیا۔

کشمیری عوام کی طرح پاکستان کا بھی عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم کا نوٹس لیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے: صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم استحصال پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 سال قبل بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اٹھائے،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کیلئے ایک مسلسل مہم کا آغاز کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کے یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔

دنیا 5 اگست کے غیر قانونی اقدام کو واپس لینے کیلئے بھارت پر زور دے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مزموم بھارتی اقدامات اور ان کے سنگین نتائج کی شروعات ہوئی، بین الاقوامی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، ظالمانہ قوانین کو ختم کرے،جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے، پاکستان کشمیری عوام کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کا یوم استحصال پر مقبوضہ کشمیر کے باہمت عوام سے اظہار یکجہتی
یوم استحصال کے موقع پر مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے باہمت عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فوجی سربراہان اور مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور فوجی محاصرہ کے اقدامات قابل مذمت ہیں، مقبوضہ علاقہ میں آبادیاتی ساخت میں غیرقانونی تبدیلی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ غیرمنصفانہ اقدامات اور بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن واستحکام تنازع کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے وابستہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شہدا کی غیرمعمولی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر غیرمتزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔ 

یوم استحصال کشمیر/گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی  نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کا یکطرفہ اقدام کشمیریوں کی نسل کشی کا گھناؤنا فعل تھا،آج کے دن 5 سال قبل کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی گئی۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم رکوانے میں عملی کردار ادا کرے،مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطہ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق عالمی مسئلہ کشمیر کا حل یقینی بنائے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام شروع دن سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی غاصبانہ قبضہ سے نجات حاصل کریں گے۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا کہ 5 سال قبل بھارت نے اپنے آئین میں ترمیم کر کے جو کام کیا وہ غیر آئینی ہے، وہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے منافی ہے، بھارت کو لگتا ہے کہ وہ آئین میں ترمیم کر کے ترمیم کر سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کا کوئی بھی فیصلہ کشمیر کو لے کر وہ قابل قبول نہیں، شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی حکومت اس وقت کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے دنیا میں، ہم نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اسی طرح ہم نے غزہ کے لیے بھی آواز اٹھائی، بھارت اگر جمہوریت کا دعوے دار ہے تو کشمیر میں رائے شماری کروائے، بھارت کشمیر کا نقشہ بدلنا چاہتا ہے تاکہ غیر مقامی لوگ وہاں پراپرٹی خریدیں، وہاں رہائش اختیار کریں، اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیں۔

اسحق ڈار نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ کشمیروں کو آزادی عطا فرمائے تاکہ وہ اپنے دین کو آزادی کے ساتھ اپنا سکیں، کشمیر ایک دن پاکستان میں شامل ہوگا اور پاکستان کا حصہ ہوگا۔

سینیٹر محسن نقوی 

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے ناصرف ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا بلکہ کشمیریوں پر نہ ختم ہونے والے مظالم بھی سب کے سامنے واضح ہوئے، کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری بھائی اور بہنیں آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد جاری رکھیں گے۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر شہید کو سلام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر مظلوم اور محصور، کشمیر کی ماؤں، بہنوں، بیٹوں اور بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں بدل کر جبر و استبداد کی نئی مثال قائم کی، دنیا کب تک آنکھیں بند کر کے بیٹھے گی؟ کب تک کشمیری جبر و بربریت کا شکار ہوتے رہیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی، پاکستان دنیا کے ایوانوں میں کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ استحصال کشمیر پر  پیغام  دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر  و بربریت کے سارے ہتھکنڈے آزما چکا، بھارت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ  حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ناکام ہو چکا، آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کے ذریعے  دنیا کو پیغام دیا گیا کہ بھارت  ریاستی ظلم  و استبداد  میں یقین رکھتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ 5 اگست 2019ع کو  اٹھایا گیا بھارتی قدم اقوام متحدہ کی قراردادوں  اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے،  پیپلز پارٹی تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے،عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فوراً روکے۔عالمی برادری موثر اقدام اٹھائے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے۔

بلاول بھٹو زرداری  نے مزید کہا کہ ہم کشمیری عوام کے عزم اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہیں، کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد ہے، آئیے، جبر اور استحصال سے پاک، روشن مستقبل کی تلاش میں کشمیروں کے ہاتھ میں ہاتھ دیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردارعلی امین گنڈاپور

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے  پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ  آج ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی  5 اگست کا دن یوم استحصال کشمیر بھر پر منایا جا رہا ہے، آج سے ٹھیک 5 سال پہلے مودی سرکار نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں پر ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی، بھارتی حکومت کا یہ غیر قانونی اقدام عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

علی امین گنڈاپور  نے مزید کہا کہ ہم بھارت کے اس یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،ہم عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کانوٹس لیں،مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں، ہم آزادی کیلئے جدوجہد کرنے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یوم استحصال کشمیر/ وزیر اعلٰی بلوچستان

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ دن ، آج کے دن کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا گیا ، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ریاستی مظالم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے،  کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کی زمینیں چھین کر انتہا پسندوں کو آباد کیا جارہاہے، مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی  نے مزید کہا ہے کہ کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنایا جارہا ہے،عالمی برادری کو بھارتی ریاستی اداروں کے جبر اور ظلم کا نوٹس لینا چاہئے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں اور مقبوضہ کشمیریوں کا رشتہ لازوال ہے، بھارتی سرکار  بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ، بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ  ظلم و جبر سے کشمیریوں کو انکے حق سے محروم کر پائے گا۔

 خواجہ سلمان رفیق

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نشانہ بننے والے ہر شہید کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے ہر مظلوم اور محصور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ مقبوضہ کشمیر کی ماؤں، بہنوں، بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔نریندر مودی کے ہاتھوں پر مظلوم کشمیری عوام کے خون کے نشان ہیں۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی لازوال قربانیاں بے مثال ہیں۔پاکستانی عوام کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان 

وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، کشمیر کا استحصال پاکستان کا استحصال ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کشمیر کا حق اور ہمارا ایمان ہے، کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی دہشتگردی اور جارحیت ہے،بھارت کی غاصبانہ کاروائیاں کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتیں۔کل بھی کشمیر کے ساتھ کھڑے تھے آج بھی کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں،بھارت کو کشمیر کے ساتھ کیے گئے مظالم کا جواب دینا پڑے گا۔

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ 

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے یوم استحصال کشمیر پر کشمیر بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیاد پر حمایت جاری رکھیں گے۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کی آئینی اور قانونی حیثیت پر شب خون مارا۔ کشمیر کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نےیوم استحصال کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے تمام پاکستانی یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے لئے صوبہ بھر میں ریلیز نکالی جارہی ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ 5 سال قبل آج کے دن مودی حکومت نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرکے مقبوضہ کشمیر کا سپیشل سٹیٹس ختم کردیا تھا، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی

صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک کا کہنا ہے کہ   5اگست کشمیریوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے جب بھارت نے ایک کالے قانون کے تحت  غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا،بھارت کے اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کی آواز کو دبانہ اور انکی خواہشات کے برعکس ان کے بنیادی حقوق کو ہمیشہ کے لیے سلب کرنا تھا۔ پاکستان ہمیشہ سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گااور ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ  بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ پاکستان ہر فورم پر ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ 

صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ  آج تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کشمیری 7 دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں،آج کے دن 2019 میں کالا قانون بنا کر تکالیف میں اضافہ کیا گیا،عالمی قرادادوں سے انحراف کیا گیا،کشمیری اپنی جہدوجہد آزادی کیلئے ہمیشہ سرگرم رہے،دن منانے کا مقصد کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھے،جلد وہ دن آئے گا کشمیر خود مختار بنے گا،پاکستانیوں نے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔جنگیں کشمیر کی وجہ سے ہوئی ہے۔

 صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی

 صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے کہاہے کہ یوم استحصال کشمیر پر میں اپنے تمام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔یہ دن ہمیں اس ظلم و ستم کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے اپنی آزادی اور حقوق کے لئے برداشت کیا ہے۔ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہماری دعائیں اور حمایت ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ 

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام  دیتے ہوئے کہا ہے کہ  05اگست کشمیری عوام کے لئے ایک سیاہ دن کی حیثیت رکھتا ہے۔بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف، خصوصی حیثیت ختم کی۔ پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے ۔بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق دے۔ ہم ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔

سیینٹر روبینہ خالد 

پی پی پی خیبرپختونخوا خواتین صدر چئیر پرسن بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام  دیتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے اٹھایا گیا قدم اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے ،عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی خونریزی کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، مودی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خود اختیاری کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

میئر کراچی  مرتضیٰ وہاب 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر قیادت  کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کے ایم سی بلڈنگ میں نکالی گئی،ہاتھوں میں بینر اور کشمیری پرچم تھامے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کی مقبوضہ کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب  نے کہا کہ آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی منعقد کی گئی تھی،کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ایک ایک پاکستانی کھڑا ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پورا کرنا بھارتی سرکار کی زمہ داری ہے،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا ایک ایک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 شرجیل انعام میمن 
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےیوم استحصال کے موقعے پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور انصاف اور خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرنے کا دن ہے،5سال قبل کشمیر کی خصوصی حیثیت چھین کر کشمیری عوام کی آوازوں اور امنگوں کو دبانے کی   سازش کی گئی، کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل  صرف اور صرف  کشمیریوں کی حق خود ارادیت میں ہی پنہاں ہے۔

خورشید احمد شاہ

خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت عالمی قوانین کو پاؤں تلے روند کر کشمیریوں کے حقوق کا استحصال کر رہا ہے۔ ‎بھارت کو جلد یا بدیر اپنے ظلم کا حساب دینا ہوگا۔‎دیوار برلن کی طرح بھارتی بربریت کی سرحدی لکیر بھی مٹ جائے گی،‎ہم بطور ریاست دشمنوں کی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔‎ہم دکھ سکھ کی ہر گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی 

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں نے بہت قربانیاں دیں، 5 اگست کے بعد کشمیری پاکستانی قوم کی طرف دیکھ رہے ہیں، فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، مودی نے کشمیر پر قبضہ جمانے کیلئے آرٹیکل 370 کو ختم کیا، اس وقت ہمیں پاکستان میں جرات مند اور با ہمت قیادت کی ضرورت ہے، ہمیں پاکستانی قوم سے کوئی گلہ نہیں، ہمیں گلہ پاکستانی حکومتوں سے ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہاکہ ہماری حکومتوں نے کشمیر کے معاملے پر توجہ نہیں دی،  میں نے اپنے دور حکومت میں پاکستانی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی نمائندگی کی، ہم نے اپنے اطمینان کیلئے اپنا حق ادا کیا ہے۔

وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی

وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ یوم استحصال کشمیر پر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،یہ دن ہمیں اس ظلم و ستم کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے اپنی آزادی اور حقوق کے لئے برداشت کیا ہے۔ہم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ہم ان کی ہر فورم پر اعانت کریں گے۔

ڈاکٹر شگفتہ ناز کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کے حصول کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلائے جائیں،ہماری دعائیں اور حمایت ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ 

ملک بھرکے مختلف شہروں میں ریلیاں

قصور۔ یوم استحصال کشمیر

قصوربھارت کے زیر قبضہ کشمیر پر بے جا پابندیوں اور کالے قانون کے خلاف پوری قوم یکجا ہے،کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ننھے بچوں نے انوکھا احتجاج کیا۔بچوں نے علامتی طور پر ہاتھوں کو باندھ کر زنجیر بنا کر احتجاج کیا۔ننھے بچوں نے احتجاجی ریلی بھی نکالی جس میں کشمیر کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ریلی میں شریک بچوں نے ہاتھوں میں کشمیریوں سے اظہار ہمدردی کے لیے کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔

ڈپٹی کمشنرقصور

ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی ریلی میں پولیس، ریسکیو 1122, ایجوکیشن ، سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں کی بھر پور شرکت کی ریلی میں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت مدنی ، ڈی ایس پی سیف اللہ بھٹی سمیت دیگر کی بھی شرکت اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ احتجاجی شرکاء نے بھارتی فوج کے خلاف جبکہ کشمیریوں کے حق میں شدید نعرے بازی کی احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں کشمیریوں کے حق میں کتبے اٹھا رکھے تھے۔

جہلم میں یوم استحصال کشمیر ریلی

جہلم میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی کچہری چوک سے پریس کلب تک نکالی گئی،ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے،ریلی میں ریسکیو 1122 سول ڈیفنس محکمہ تعلیم ۔محکمہ صحت سمیت دیگر اداروں کےاہلکاروں نے بھی شرکت کی۔

Watch Live Public News