ویب ڈیسک: بالی وُڈ اداکار جان ابراہم نے شاہ رخ خان اور دپیکا پاڈوکون کے ساتھ فلم ’پٹھان‘ میں شاندار پرفارمنس دکھائی کیا اور اب 15 اگست کو ان کی نئی فلم ریلیز ہو رہی ہے۔
اپنی نئی ایکشن فلم ’ویدا‘ سے متعلق ایک صحافی کے تبصرہ نما سوال پر جان ابراہم نے کافی سخت الفاظ میں ردعمل دیا ہے،شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق صحافی نے ان کے بار بار ایکشن کرداروں میں جلوہ گر ہونے پر سوال اٹھایا تھا۔
ان دنوں جان ابراہم کی فلم کی پروموشن جاری ہے اور باکس آفس پر اس کی ٹکر میں اکشے کمار کی فلم ’کھیل کھیل میں‘ اور شردھا کپور کی ’سٹریٹ ٹُو‘ ہے۔
جمعرات کو جان ابراہم کی فلم ’ویدا‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا جسے مداحوں نے پسند کیا ہے۔ فلم 15 اگست کو ریلیز ہو گی،ٹریلر کی ریلیز کے موقعے پر صحافی نے جان ابراہم سے کہا کہ وہ ایکشن فلم کے علاوہ ’کچھ بھی نیا نہیں‘ کر رہے۔
اس پر جان ابراہم بھڑک اٹھے اور انہوں نے کہا کہ ’کیا میں برے سوالات اور احمق افراد کو مسترد کر سکتا ہوں۔‘ رپورٹر سے سوال پوچھا کہ ’کیا آپ نے فلم دیکھ لی ہے۔‘’ویدا‘ ماضی کے کام کی نسبت مکمل طور پر مختلف فلم ہے۔‘
جان ابراہم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’فلم دیکھیے آپ، پھر آپ جج کریں۔ اس کے بعد آپ جو بھی کہیں میں حاضر ہوں۔ لیکن اگر آپ غلط نکلے تو میں آپ کو چیر پھاڑ دوں گا۔‘
اس ویڈیو کلب کے سوشل میڈیا پر آنے کے بعد صارفین کا ملا جلا ردعمل دیکھنے آ رہا ہے،کچھ افراد جان ابراہم کے رویے پر بات کر رہے ہیں جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ رپورٹر کا سوال درست تھا۔