اسلام آباد: (پبلک نیوز) اسلام آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ نجی ایئرلائن کی پرواز میں ٹیک آف کرتے ہی فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق طیارے کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے دوبارہ لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو فوری طور پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت دی۔ اجازت ملنے پر طیارے کے کپتان نے انتہائی مہارت سے طیارے کو لینڈ کروایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انجینئرز نے طیارے کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ طیارہ آج دوپہر دوبارہ سعودی عرب کے لئے روانہ ہو جائے گا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔