’ آئین اور قانون سے کوئی بھی بالادست نہیں ہے‘

’ آئین اور قانون سے کوئی بھی بالادست نہیں ہے‘
لاہور(پبلک نیوز)‌ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا اپنے اعزاز میں منعقدہ فل کورٹ ریفرینس سے خطاب میں کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان کے مطابق حاکمیت کا اقتدار اعلی اللہ تبارک و تعالیٰ ہے، آئین اور قانون سے کوئی بھی بالادست نہیں ہے، ہرشخص قانون کے تابع ہے اور قانون کے سامنے جواب دہ ہے، قانون کی عملداری اور تابعداری ہم سب پر لازم ہے. انہوں نے کہا ججز کا کام بہترین انصاف کی فراہمی ہے، ججز کی استعداد کار میں اضافہ وقت کا اہم تقاضا ہے، ہم نے کورونا وباء کے باوجود اپنے ججز کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں آن لائن تربیت کا سلسلہ جاری رکھا. چیف جسٹس محمد قاسم خان کا خطاب میں کہنا تھا کہ ضلعی عدلیہ عدالتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ضلعی ججز کو چاہیے کہ اپنے فیصلے کو مکمل طور پر قانون کے مطابق بنائیں، ضلعی عدلیہ کے ججز کے بہترین فیصلوں کی بدولت اعلی عدلیہ پر بوجھ کم ہوتا ہے، بطور چیف جسٹس عہدہ سنبھالا تو ملک کو کورونا وباء لا سامنا تھا، ہم نے کورونا وباء کے باوجود انصاف کی فراہمی کا عمل جاری رکھا، میرے دور میں لاہور ہائی کورٹ، لاہور اور بنچز پر 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے ہوئے، ضلعی عدلیہ میں سول، سیشن اور دیگر نمٹائے گئے مقدمات کی تعداد 27 لاکھ 86 ہزار سے زیادہ رہی، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اور ضلعی عدلیہ کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، جدید سافٹ ویئر کی بدولت ضلعی عدلیہ کے ریکارڈ رومز کو ڈیجیٹلائزڈ کیا گیا. وکلاء و سائلین کی سہولیات کے متعدد انتظامی اور عدالتی اقدامات اٹھائے گئے، ججز کے مالی حالات کو بہتر بنانے کیلئے جوڈیشل الاؤنس اور یوٹیلیٹی الاؤنس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔