عید الاضحیٰ: این سی او سی نے گائیڈ لائنز جاری کردی

عید الاضحیٰ: این سی او سی نے گائیڈ لائنز جاری کردی
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔ این سی او سی کی جانب سے نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ علماء عید کے خطبے کا دورانیہ کم رکھیں تاکہ لوگ کم وقت کیلئے ایک جگہ قیام کریں۔ بیمار، عمر رسیدہ افراد اور بچے عید کی نماز میں شرکت نہ کریں، نمازِ عید کے دوران نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، عید کی نماز کورونا پروٹوکولز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پر پڑھائی جائے۔ این سی او سی کی نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ مساجد کے اندر عید کی نماز کے وقت تمام دروازے کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں اور ایک مقام پر 2 سے 3 دفعہ کم تعداد میں لوگوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھائی جائے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانیوں کے لیے کورونا پروٹوکرلز پر سختی سے عمل کیا جائے اور انفرادی کے بجائے اجتماعی قربانیاں کی جائیں اور قربانی کی جگہ رہائشی علاقوں سے دور بنائی جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔