کراچی : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اجلاس میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دیا، ہم نے بھارت کی سرزمین پر پاکستان کا مقدمہ لڑا ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارت سے وطن واپسی پر کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تنقید کے پیچھے ان کا اپنا احساس عدم تحفظ ہے، بی جے پی کی کوشش ہے ہر مسلمان کو دہشتگرد کہا جائے،بی جے پی میں نفرت اتنی بڑھ چکی کہ وہ مجھے بھی دہشتگرد قرار دینا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تو خود دہشتگردی سے متاثر ہوئے ہیں، جب تک ہم دہشتگردی کے مسئلہ کو سیاسی کریں گے لوگ مرتے رہیں گے، سیاستدان جو بھی کہتے ہیں خطے کے عوام امن چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے عمل سے دکھایا کہ نہ وہ عالمی قوانین اور نہ معاہدوں کو اہمیت دیتا ہے، بھارت کب تک یواین قرار دادوں اور عالمی قوانین کو نظرانداز کرے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حیران ہوا کہ بی جے پی کا ایک بھی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں، اجلاس میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دیا، ہم نے بھارت کی سرزمین پر پاکستان کا مقدمہ لڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جب تک بھارت اپنا یک طرفہ فیصلہ واپس نہیں لیتا بات نہیں ہوگی، بھارتی عوام میں کشمیر سےمتعلق یک طرفہ بیانیہ چل رہاتھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جس سے بھی ملاقات ہوئی اس نے سی پیک پروجیکٹ کی تعریف کی، بھارت کے سوا ایس سی او کا ہر رکن سی پیک کی تعریف کرتا ہے، سینٹرل ایشیا کے ممالک سی پیک کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔