اسلام آباد: وزیراعظم نے ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز حکام کو غیر منظم سرحدی راستوں پر نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو وزارت تجارت کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بریفنگ میں ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے مختلف مجوزہ حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں وزارتِ تجارت کی جانب سے ملک میں سمگلنگ کے سد باب کے لیے ممکنہ حکمت عملیاں پیش کی گئیں۔تجارتی سامان کی بہتر سکیننگ اور معائنہ کی استعداد بہتر بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت ہونے والی تجارت کےمختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا، ملک میں سمگلنگ کی حوصلہ شکنی اور قانونی راستوں سے تجارت کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز حکام کو غیر منظم سرحدی راستوں پر نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔