ویب ڈیسک: یوٹیوب دنیا کی مقبول ویڈیو شیئر اور سٹریمنگ ویب سائٹ ہے۔ یوٹیوب پر ایک ہزار سبسکرائبر کا سنگ میل مونٹائزیشن کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ عموماً صارفین یہ نمبر پورا کر لیتے ہیں مگر مونٹائزیشن کا معاملہ پھر بھی لٹکا رہ جاتا ہے۔ اس کے لیے یوٹیوب کنٹنٹ کری ایٹرز کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یا یوں کہہ لیں کہ کئی کری ایٹرز دل ہار بیٹھے ہیں یا کام چھوڑ دیتے ہیں۔ مگر اب یوٹیوب نے ایسے کری ایٹرز کا سہارا بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے ایک نیا فیچر 'آن دی رائز' متعارف کرایا گیا ہے جو ایک ہزار سبسکرائبر رکھنے والے صارفین اور کری ایٹرز کو پروموٹ کرنے کے لیے استعمال ہو گا۔ چھوٹے اور نئے یوٹیوبرز کو اب پریشان ہونے اور زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ یوٹیوب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج سے ہم ان کری ایٹرز کو پروموٹ کریں گے جو پاکستان میں ہمارے ٹرینڈنگ ٹیب کے ایک نئے سیکشن میں ’آن دی رائز‘ ہیں۔ یوٹیوب ہفتہ میں ایک کری ایٹرز کو پروموٹ کرے گا جو 'کری ایٹرز آن دی رائز' کے بیج کے ساتھ دن بھر ٹرینڈنگ میں رہے گا۔ واضح رہے کہ اس ٹیب پر آنے والا کوئی بھی کری ایٹر ہو سکتا ہے۔ آن دی رائز کے لیے ویوز، واچ ٹائم اور سبسکرائبر حاصل کرنے کی رفتار جیسے عوامل کا عمل دخل نہیں ہو گا، تاہم دیگر متعدد عوامل ضرور سامنے رکھے جائیں گے۔