نیویارک یوم کشمیر منانے والی پہلی ریاست بن گئی

نیویارک یوم کشمیر منانے والی پہلی ریاست بن گئی

نیویارک ( پبلک نیوز) امریکہ کی تاریخ میں نیویارک سٹیٹ نے 5 فروری کو نیویارک کو " یوم کشمیر" سے منسوب کردیا ہے۔ گورنر اینڈریو کومو اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی نے اس سلسلے میں پروکلیمیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک یوم کشمیر منانے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے کشمیر ڈے قرارداد منظور کرنے پر نیو یارک اسمبلی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرار داد منظور کرنے پر اسمبلی اراکین کے نہایت شکر گزار ہیں۔ امریکی پاکستانی نوجوانوں کی سیاسی و ایڈووکیسی تنظیم امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ اے پی ای جی کی کوششوں سے یہ تاریخی دن تسلیم کرلیا گیا ہے۔ البنی نیویارک سٹیٹ اسمبلی نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے قرارداد کو متفقہ طور پر اکثریت سے تسلیم کرلیا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں کے اراکین نے قرارداد کی حمایت کی۔ یانکرز ( نیویارک) میں سٹیٹ اسمبلی کے رکن نیدر جے سیاگ نے اے پی اے جی کی ٹیم کو ایک خصوصی تقریب میں علی رشید کی سربراہی میں پروکلیمیشن دیا۔ انہوں نے اے پی اے جی کی کوششوں کی تعریف کی۔

اس موقع پر علی رشید، امین غنی، پرویز ریاض، ضمیر چوہدری، سحر خان، سارہ پرویز، نومی، سلطان رشید، فیصل خان، انیسہ ریاض اور دیگرشریک تھے۔ نیویارک امریکہ کی واحد ریاست بن گئی ہے جہاں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔