عمران خان نے جیل بھرو تحریک کیلئے رضا کاروں سے اپیل کردی

عمران خان نے جیل بھرو تحریک کیلئے رضا کاروں سے اپیل کردی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے جیل بھر و تحریک کیلئے رضا کاروں سے اپیل کردی ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ رضاکاروں سے اپیل کرتا ہوں کہ جیل بھرو تحریک کیلئے تیار رہیں، تاریخ کا اعلان جلد کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم اس جگہ کیوں پہنچے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرنا پڑی، جب سے موجودہ امپورٹڈ حکومت آئی ہے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ ملک کا آئین فیصلہ کرتا ہے کہ جائز اور ناجائز کیا چیز ہے، حالات یہ ہیں کہ پولیس بھی عدالتوں کی بات نہیں سنتی۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی تھی، عدالتوں نے انہیں حکم دیا اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کی فوری تاریخ دیں، ایک ماہ ہوگیا اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آئین ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتا ہے، لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرنے پر تشدد کیا جاتا ہے۔ کون سا آئین اجازت دیتا ہے کہ ایک ٹوئٹ پراعظم سواتی پرتشدد کیا جائے، اعظم سواتی کو دوبارہ جیل میں ڈالا گیا، 30مقدمات درج کئے گئے، شیخ رشید کو عدالت نے ضمانت دی اس کے باوجود اٹھا لیا گیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔