ویب ڈیسک: اٹلی کے سفارتخانے نے لاہور سے بھی ویزا سروس کا اجرا کر دیا، پاکستانی کاروباری افراد اور سیاحت کے لئے جانے والے اسلام آباد کی بجائے لاہور سے اپلائی کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی نے لاہور سے ویزا سروس شروع کردی، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا، اٹلی کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری نے پہلا سرکاری دورہ تاریخی شہر لاہور کا کیا،فرسٹ سیکرٹری اٹلی سفارت خانہ نے کہا کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان تعلقات اور کاروبار کومضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
آگسٹو پالمیری کا کہناتھا کہ لاہور میں ویزا سروسز کھولنے سے کاروباری برادری کو سہولت ملے گی،پاکستان، اٹلی باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
باہمی تجارت بہتر بنانے میں مفاہمتی یادداشتیں اور تجارتی معاہدے اہم کردار ادا کرتے ہیں، اٹلی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔