ویب ڈیسک: ’ کبھی میں کبھی تم‘ بہت سے لوگوں کے لیے ایک سبق آموز ڈرامہ رہا، اس میں ایک لاپرواہ لڑکے کو دکھایا گیا کہ کس طرح اس نے اچانک شادی کی ذمے داری پڑنے پر حالات کو سنبھالا ، اپنی بیوی کا ساتھ دیا اور ایک کامیاب انسان کے طور پر خود کو منوا لیا۔
اس ڈرامے کی سب سے خاص بات ایک شوہر کی اپنی بیوی کو اور ایک بیوی کی اپنے شوہر کو سپورٹ کرنا تھی، دونوں نے ملکر اس رشتے کو ایسا نبھایا کہ لوگ اب ان کرداروں کی مثال دے رہے ہیں،تاہم یہ ڈرامہ سبھی کو راس نہ آیا، پاکستان میں اس ڈرامے کو دیکھنے کی پاداش میں ایک خاتون کو شوہر نے طلاق دیدی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک خاتون اپنے اوپر بیتی روداد سناتی ہوئی نظر آئیں، خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ایک دن ڈرامہ ’ کبھی میں کبھی تم ‘ دیکھ رہی تھی کہ ان کا شوہر گھر آگیا اور اس نے آگ بگولہ ہو کر ٹی وی توڑ دیا اور کہا کہ تم ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہو اور کوئی کام نہیں ہے اور پھر اسے طلاق دیدی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس کی کوئی اولاد نہیں ہے اور اس بنا پر وہ ڈرامے دیکھ کر اپنا وقت گزارا کرتی تھی لیکن شوہر نہ جانے کیوں اس چھوٹی سے بات پر ناخوش تھا،30 سالہ ثمینہ نامی خاتون نے یہ بھی بتایا کہ طلاق دینے سے قبل شوہر نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
خاتون نے بتایا کہ اسے ڈرامہ ’ کبھی میں کبھی تم‘ بہت پسند تھا، اس کے والدین نہیں ہیں، اولاد بھی نہیں ہے تو ڈرامہ دیکھ کر وقت گزارتی تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتی ہے، بس ایسا شوہر چاہئے جو اس کو عزت دے چاہے اس کی عمر زیادہ ہی کیوں نہ ہو۔