لاہور: لاہور کے تاریخی مقامات پر تقریبات کا انعقاد ہو گا، کھیل،موسیقی،آرٹ،ادب اور دیگر تقاریب میں عوام کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیرصدارت آج وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ”لہور لہور اے“ میلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری،سیکرٹریز اطلاعات،سپورٹس،سیاحت، خزانہ،کمشنر لاہور،ڈی جی سپورٹس،ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ 15روزہ ”لہور لہور اے“میلہ سجے گا۔وزیراعلی محسن نقوی نے لہور لہور اے میلے کے لئے بہترین انتظامات اور منفرد پروگرامز کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پروگرامز میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔ ”لہور لہور اے“میلے میں عوام کی تفنن طبع کے لئے مختلف ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔لاہور کے تاریخی مقامات پر بھی تقریبات کا انعقاد ہو گا۔ کھیل،موسیقی،آرٹ،ادب اور دیگر تقاریب میں عوام کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ ”لہور لہور اے“ میں میوزک کنسرٹ،تھیٹر،پپٹ شو اور آرٹ کی نمائش ہو گی۔ یونیورسٹیوں کے درمیان تھیٹرکے مقابلے ہوں گے۔ ”لہور لہور اے“میلے کے تحت ا لحمراء میں 7روزہ کتب میلہ لگایا جائے گا، نامور قوال اور گلوکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ نائٹ نیزہ بازی،کبڈی اور روایتی کھیل ہوں گے۔ڈرون لائٹس اور لیزر شو جیلانی پارک میں ہوگا۔ہسٹری بائی نائٹ اور پنجاب تھرو ایجز شوپیش کئے جائیں گے۔ڈرون کے ذریعے ہیری ٹیج تھرو لیزر شو پیش کیا جائے گا۔ ”لہور لہور اے“میلے میں وینٹیج بائیک،سائیکل اور دیگر گاڑیوں کا شوبھی ہو گا۔جیلانی پارک میں چاروں صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کی جائے گی۔جیلانی پارک میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذریعے منفرد انداز سے فوڈ سٹالز لگائے جائیں گے۔لاہور کی منتخب سڑکوں میں لائٹنگ اور بیوٹیفکیشن کی جائے گی۔ سفیروں کو کو بھی میلے میں مدعو کیا جائے گا۔