وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے بہادر بیٹوں کو سلام

وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے بہادر بیٹوں کو سلام
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زندہ قومیں آزمائش سے گزر کر اور بھی زیادہ مضبوط ہوتی ہیں، 1965ء میں جب دشمن نے ہماری آزادی اور بقاء کو پامال کرنے کی کوشش کی تو پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح اس کے سامنے ڈٹ گئی، 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیراعلانیہ جنگ مسلط کی تو پوری قوم محافظان وطن کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے۔ یوم ِدفاع وشہداء کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبرہمیں اپنے ہیروز، مسلح افواج کے جانبازوں، شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،ہمارے جانباز جوان ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخررہے ہیں،ہم وطن کی سلامتی اور تحفظ کے لئے جانیں قربان کرنے والے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کے اس عظیم مظاہرے نے ہماری بہادر مسلح افواج کے جذبوں کو اور بھی مہمیز لگا دی، مسلح افواج کے جوان دشمن کے خلاف اس بے خوفی سے لڑے، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے بہادر افسروں، جوانوں، پائلٹوں اور اور سیلروں نے دنیا پر ثابت کردیا کہ وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرات و بہادری سے لڑے، جوانوان نے عظیم قربانیوں پیش کیں دفاع وطن کا فریِضہ نبھایا، ہم شہداء کی فیملیز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نےاپنے پیاروں کو مادرِ وطن پر نچھاور کردیا، آج یہ دن مناتے ہوئے، میں یہ کہوں گا کہ دشمن نے کبھی بھی پرامن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں ہندوستان،افغان سر زمین کو پاکستان میں بد امنی اور دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے استعمال کرتا رہا، آج کے دن ہم ان گھناونے ہتکنڈے اپنانے والے عناصر کی مذمت کرتے ہوئے اپنی بہادر افواج کو خصوصاً وطن عزیز کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Watch Live Public News